یوم اقبال
یوم اقبال Iqbal Day | |
---|---|
باضابطہ نام | یوم اقبال Iqbal Day |
عرفیت | یوم ولادت محمد اقبال |
منانے والے | پاکستان |
قسم | قومی تعطیل |
تاریخ | 9 نومبر |
تکرار | سالانہ |
ہر سال 9 نومبر کو پورے پاکستان میں شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کو یوم اقبال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ علامہ اقبال کی شہرت جہاں مسلمانوں کے موجودہ دور میں مصلحانہ کردار کی تھی وہیں قیامِ پاکستان میں ایک ممتاز شخصیت کی تھی کیونکہ انھوں نے اپنے خطبۂ الٰہ آباد میں مسلمانوں کی الگ مملکت کا پورا نقشہ پیش کر دیا تھا اور پھرمحمد علی جناح کو جو مستقل طور پر لندن کوچ کر گئے تھے‘ خط لکھ کر ہندوستان واپس آنے اور مسلمانوں کی قیادت کرنے کی ترغیب دی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے انتقال پر تعزیتی بیان میں محمد علی جناح نے اعتراف کیا کہ ان کے لیے اقبالؒ ایک رہنماء بھی تھے‘ دوست بھی اور فلسفی بھی تھے‘ جو کسی ایک لمحہ کے لیے بھی متزلزل نہ ہوئے اور چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔[1]
بھارت میں علامہ اقبال کو شاعر مشرق، ادیب، مفکر، فلسفی اور مسلمانوں کو جگانے والی شخصیت کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ ان کی ولادت کے موقع پر بھارت میں بھی یوم اقبال یا اقبال ڈے کے نام سے انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس موقع کی اہمیت کے پیش نظر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائد اعظم میں تقریبات یوم اقبال کے سلسلے میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کے مابین انعامی مقابلۂ مصوری بعنوان ’’علامہ محمد اقبال اور علم کی شمع‘ علامہ محمد اقبال اور شاہین‘ علامہ محمد اقبال اور قلم‘‘ منعقد کرتے ہیں اور اسی طرح کے مقابلے ملک کے دیگر حصّوں میں کئی دیگر تنظیموں، اسکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔[2]
حوالہ جات
[ترمیم]