Wy/ur/جدہ
جدہ سعودی عرب میں بحیرہ احمر کے کنارے واقع ایک شہر اور بندرگاہ ہے جو ریاض کے بعد سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ شہر کی موجودہ آبادی 34 لاکھ سے زائد ہے۔ اسے سعودی عرب کا تجارتی دارالحکومت اور مشرق وسطی اور مغربی ایشیا کا امیر ترین شہر قرار دیا جاتا ہے۔ جدہ حج بیت اللہ کرنے والے عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی کے لئے داخلی راستہ فراہم کرتا ہے کیونکہ حجاج کرام کے ہوائی جہاز اسی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترتے ہیں جبکہ اس کی بندرگاہ بحری راستے سے آنے والے حجاج کو خوش آمدید کہتی ہے۔شہر کا ہوائی اڈہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئرپورٹ 20 لاکھ سے زائد حجاج کرام کے لئے بنایا گیا ہے جو ہر سال سعودی عرب آتے ہیں۔ جدہ کی بندرگاہ دنیا کی 30 ویں سب سے بڑی بندرگاہ ہے جہاں سے سعودی عرب کی بیشتر تجارت ہوتی ہے۔سمندر کے قریب ہونے کے باعث موسم بہترین ہے۔